پنجاب میں پختونوں سے ہونے والے سلوک سے تعصب کو ہوا ملے گی ،عنایت اللہ خان

08:29 PM, 28 Feb, 2017

نیوویب ڈیسک

پشاور:سینئر وزیر بلدیات ودیہی ترقی خیبرپختونخوا و پارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں پختونوں سے ہونے والے سلوک سے تعصب کو ہوا ملے گی اور اس سے مختلف صوبوںاور زبانیں بولنے والوں کے درمیان تعصب کا تاثر ملتا ہے، جس کے منفی اثرات کا پھر ہمیں لمبے عرصے تک خمیازہ بھگتنا پڑتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی پشتو بولتا ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ پشتو بولنے والا ہر آدمی دہشت گرد ہے ہمیں اس مائنڈ سیٹ کو بدلنے کی اور مجرم پاکستان سے ہو یا افغانستان سے اسے پکڑنے کی ضرورت ہے ۔مجرم کوکوئی رعایت نہیں ملنی چاہئے ۔افغان او ر پشتون شہریوں کے خلاف کارروائیوں سے حکومت کے خلاف نفرت میں اضافہ ہورہا ہے ۔امن کے قیام کیلئے نیشنل ایکشن پلان قومی مسائل کا حل ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک خطے کیلئے گیم چینجرمنصوبہ ہے ۔ہم اس ملک کی ترقی اور وسائل کی منصفانہ تقسیم چاہتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ جنوبی اضلاع سمیت ملک کے تمام پسماندہ علاقوں کو ان کاحصہ ملے۔ جنوبی اضلاع کو سی پیک منصوبے میں فل پیکیج کے ساتھ شامل کیا جائے ۔جنوبی اضلاع قدرتی وسائل ، گیس اور تیل سے مالامال خطہ ہے اور مستقبل میں لوگ بیرون ممالک نوکریوں کے بجائے جنوبی اضلاع آئیں گے ۔ جماعت اسلامی صوبے کی سب سے بڑی سیاسی قوت بن رہی ہے صوبے میں مستقبل جماعت اسلامی کا ہے ۔ وہ ضلع کرک کے علاقے ٹیری میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخو اکو دوسرے صوبوں کے نسبت زیادہ طاقتور بلدیاتی نظام دیا ہے اور حقیقی معنوں میں اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کردیا ہے ۔ عوام کو بااختیار بنادیا ہے ۔ ہم نے اداروں کو مضبوط بنایا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں وسائل اور افرادی قوت کی کمی نہیں ہے اصل مسئلہ قومی قیادت کا ہے جس کی وجہ سے پاکستان گوناگو ں مسائل اور اندرونی و بیر ون خطرات سے دوچار ہیں ۔ قوم کو صحیح قیادت میسر ہوگی تو ملک ترقی و خوشحالی کے راہ پر گامزن ہوگا ۔

مزیدخبریں