بولی وڈ میں ایک کے بعد ایک فلم میں اپنی بہترین اداکاری سے جگہ بنانے والے نواز الدین صدیقی نے انڈین ایوارڈز شوز میں آنجہانی اوم پوری کا تذکرہ نہ کرنے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ اوم پوری کو حال ہی میں منعقدہ 89 ویں اکیڈمی ایوارڈز (آسکرز) میں خراج عقیدت پیش کیا گیا، تاہم ہندوستان میں اب تک کسی بھی ایوارڈ شو میں اوم پوری کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی گئی۔
اس حوالے سے اداکار نوازالدین صدیقی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔اداکار کا کہنا تھا ’اکیڈمی ایوارڈز نے اوم پوری کو خراج عقیدت پیش کیا، لیکن بولی وڈ میں کسی ایک بھی ایوارڈ میں اوم پوری کے لیے ایک لفظ بھی نہیں کہا گیا، شرم کی بات ہے‘۔
اوم پوری نے بولی وڈ فلموں کے ساتھ ساتھ ہولی وڈ اور پاکستانی فلموں میں بھی کام کیا، ان کی آخری پاکستانی فلم ’ایکٹر اِن لا‘ تھی۔