راولاکوٹ :ََمیونسپل مجسٹریٹ راولاکوٹ سردار عمران نے ہمراہ پولیس نفری راولاکوٹ شہرکا دورہ کیا۔ صحت و صفائی ،اشیائے خورد ونوش کے نرخ ناموںکے حوالہ سے مختلف دکانات ، ہوٹلز، ریستوران، کباب فروشوں کا اچانک معائنہ اور سٹرک کے اطراف پر ریڑھی بانوں کو ہٹانے کے ساتھ ساتھ قانون و ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کی گرفتاریاں،بھاری جرمانے کئے۔
انہوں نے شہر میں واقع سبزی و فروٹس اور مرغ شاپس وغیرہ کی دکانات کے معائنے کے دوران حساس قسم کے پھلوں کی ریڑھیوں پر بغیر حفاظت نمائش، ذبح شدہ مرغ کو دکانات کے باہر لٹکانے اور ریڑھیوں پر رکھنے کے حوالہ سے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ ایسے پھل ،سبزیاں اور ذبح کیئے ہوئے مرغ انسانی جانوں کے لئے زہر قاتل ہیں ان اشیاءپر دن بھر سڑک سے اٹھنے والی دھول ،مٹی،نالیوں میں گندگی پر بیٹھنے والی مکھیوں کے بارہا بیٹھنے سے ایسے جراثیم پیدا ہوجاتے ہیں ۔
جو انسانی صحت کے لئے انتہائی خطرناک ثابت ہوتے ہیں اور ان سے مختلف قسم کی بیماریاں پیدا ہونے سے جہاں لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہیں یہ انتہائی غیر اخلاقی فعل بھی ہے جس کی ہرگز اجازت نہیں دے سکتے۔انہوں نے کہا کہ تمام مرغ شاپس کے مالکان 12 گھنٹوں سے زائد ذبح شدہ مرغ کی فروخت سے مکمل گریز کریں کیونکہ ایسے گوشت میں جراثیم کثرت سے موجود ہوتے ہیں جسے ذبح کیئے ہوئے کافی وقت گزر چکا ہو لہذا عوام بھی ایسا گوشت خریدنے سے گریز کریں۔
آزاد کشمیر و پنجاب کے دیگر شہروں کی نسبت راولاکوٹ شہر ایک پرامن، حسین خطہ ہے۔ یہاں لوگوں کی اکثریت اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونے کے باعث یہ جگہ جنت نظیر ہے اور اس جگہ کی یہ خاصیت برقرار رکھنے کے لئے ہمہ وقت کوشاں رہیں گے۔