پاکستان ہمیشہ فلسطین کے مسئلے کو اپنا مسئلہ سمجھتا ہے: حافظ نعیم الرحمٰن

08:33 PM, 28 Dec, 2024

کراچی :جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے غزہ ملین مارچ کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کل غزہ ملین مارچ میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوں گے اور اللہ کے فضل سے یہ مارچ بین الاقوامی دنیا پر ایک مثبت اثر ڈالے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا وجود کلمے کی بنیاد پر ہوا ہے، اور اس ملک کے لیے لوگوں نے بے شمار قربانیاں دی ہیں، تاہم پاکستان کے نظام میں وہ تمام چیزیں حاصل نہیں ہو سکیں جو اس ملک کے قیام کے اصل مقاصد تھے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطین کے مسئلے کو اپنا مسئلہ سمجھتا آیا ہے۔ انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ پاکستان کے قیام سے پہلے ایک قرارداد پاکستان کے لیے اور دوسری فلسطین کے لیے پیش کی جاتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے اسرائیل کو مغربی دنیا کی ناجائز پیداوار قرار دیا تھا، اور حالیہ دنوں میں اسرائیل کی جانب سے اسپتال پر حملے کی شدید مذمت کی۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے اسے نسل کشی اور دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس تمام کارروائی کی قیادت امریکا کر رہا ہے۔
 

مزیدخبریں