حیدرآباد میں ذاتی زمین پر ہسپتال کی تعمیر ہوگی:آصف زرداری

 حیدرآباد میں ذاتی زمین پر ہسپتال کی تعمیر ہوگی:آصف زرداری

سکھر: سابق صدر آصف علی زرداری نے سکھر میں ڈاکٹر ضیاالدین ہسپتال یونیورسٹی کیمپس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکھر میں عالمی معیار کا ہسپتال بنایا گیا ہے، جبکہ حیدرآباد میں بھی ہسپتال کی تعمیر کے لیے اپنی ذاتی زمین وقف کر دی ہے۔

انہوں نے ڈاکٹر عاصم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہایت مناسب قیمت پر زمین فراہم کی اور صحت کے شعبے میں ان کی خدمات قابل تعریف ہیں۔ آصف زرداری نے کہا کہ حیدرآباد میں بھی ڈاکٹر عاصم سے ہسپتال بنوایا جائے گا۔

تقریب کے دوران انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ یونیورسٹی کی تعمیر کے تمام اخراجات سندھ حکومت برداشت کرے گی، اور صحت کے شعبے میں مزید اقدامات کیے جائیں گے۔


آصف زرداری نے بتایا کہ روہڑی کنال کی بحالی کے لیے سالانہ 15 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے، جو کاربن کریڈٹ سے حاصل کیے گئے ہیں۔ ان فنڈز کا مقصد پانی کی فراہمی کو بہتر اور پائیدار بنانا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سکھر کی خدمت اسی جذبے سے کی جائے گی جیسے باقی شہروں کی جا رہی ہے، اور ترقیاتی منصوبوں پر توجہ جاری رہے گی۔