نواز شریف، بانی پی ٹی آئی اور آصف زرداری کو مذاکرات کی میز پر آنا چاہیے:رانا ثناء اللّٰہ

04:01 PM, 28 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور: وزیرِ اعظم شہباز شریف کے مشیر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ اگر نواز شریف، بانی پی ٹی آئی اور آصف زرداری ایک میز پر بیٹھ کر مذاکرات کریں تو ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

خواجہ رفیق کی برسی پر ہونے والے سیمینار میں خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ سیاستدانوں کو مذاکرات کے عمل کا آغاز اپنی غلطیوں کا اعتراف کرنے سے کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 1973 کے آئین کے بعد میثاقِ جمہوریت ایک اہم دستاویز ہے جس کے تحت ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے ماضی کی غلطیوں کا اعتراف کیا تھا۔

رانا ثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ ان کے خلاف جھوٹے مقدمات بنوائے گئے ہیں، لیکن ہمارے خلاف بھی جھوٹے مقدمات بنائے گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر آج ہم سچ تسلیم کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں کل کے سچ کو بھی تسلیم کرنا چاہیے، اور کم از کم اس پر افسوس کا اظہار کیا جائے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ ملک میں 40 سال سے جاری سیاسی بحران کا حل صرف اس صورت میں ممکن ہے جب تمام سیاسی فریقین آپس میں بات چیت کریں.

مزیدخبریں