پاکستانی سکیورٹی فورسز کی کارروائی: افغان طالبان اور خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام

پاکستانی سکیورٹی فورسز کی کارروائی: افغان طالبان اور خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام

راولپنڈی: پاک افغان سرحد پر حالات کشیدہ ہو گئے ہیں، جہاں دونوں ممالک کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور بھاری اسلحے کا استعمال کیا گیا۔ افغان طالبان اور خوارج کی جانب سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کو سکیورٹی فورسز نے بروقت ناکام بنا دیا۔

ذرائع کے مطابق، فائرنگ کا تبادلہ اینزرکہ اور کرشہ کے علاقوں میں ہو رہا ہے، جہاں مقامی سطح پر خوف و ہراس کی فضا قائم ہو گئی ہے۔ گزشتہ رات 20 سے 25 دہشت گردوں پر مشتمل ایک گروہ نے افغان طالبان کی مدد سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کی۔ یہ دہشت گرد افغان طالبان کی بارڈر پوسٹوں کا استعمال کرتے ہوئے کُرم اور شمالی وزیرستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے، جسے پاکستان سکیورٹی فورسز نے فوراً ناکام بنا دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 28 دسمبر کی علی الصبح دہشت گردوں اور افغان طالبان نے دوبارہ پاکستان میں دراندازی کی کوشش کی، جس کے دوران افغان طالبان اور خوارج نے پاکستانی پوسٹوں پر بلا اشتعال فائرنگ شروع کر دی۔ پاکستانی سکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کی۔

مصدقہ اطلاعات کے مطابق، افغان سائیڈ پر اس جھڑپ میں 15 سے زائد دہشت گرد اور افغان طالبان کے ارکان ہلاک ہوئے، جبکہ کئی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ پاکستانی سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں افغان طالبان نے چھ پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہونے کی کوشش کی۔

پاکستانی سکیورٹی فورسز کے کسی اہلکار کو جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم تین اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ اس سے قبل، کرشہ میں ایف سی چیک پوسٹ پر بھی افغان طالبان کی جانب سے حملہ کیا گیا تھا، جس کا جواب پاکستانی فورسز نے دیا۔

مصنف کے بارے میں