ایف آئی اے کی کارروائی: انسانی سمگلنگ میں ملوث 2 ملزمان گرفتار

ایف آئی اے کی کارروائی: انسانی سمگلنگ میں ملوث 2 ملزمان گرفتار

گوجرانوالہ: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے گوجرانوالہ میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے انسانی سمگلنگ میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق، گوجرانوالہ زون کی ٹیم نے گجرات کے علاقے شادمان کالونی میں چھاپہ مارا اور ضیاءالرحمان اور اعجاز احمد نامی ملزمان کو گرفتار کیا۔ ملزمان نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں ایجنٹوں کے ذریعے شہریوں کو جعلی ویزے فراہم کیے تھے۔

ترجمان نے بتایا کہ ملزمان جعلی پاسپورٹس، ویزا سٹیکرز اور دیگر سفری دستاویزات تیار کرنے میں ملوث تھے اور سادہ لوح شہریوں کو ان جعلی دستاویزات کے ذریعے دھوکہ دیتے تھے۔ یہ ملزمان انسانی سمگلنگ کے بین الاقوامی نیٹ ورک کا حصہ تھے۔

چھاپے کے دوران ملزمان کے قبضے سے 20 پاکستانی اور 31 غیر ملکی پاسپورٹس برآمد ہوئے۔ اس کے علاوہ، 95 جعلی اسٹامپس، بینک ڈیپازٹ سلپس، 13 جعلی رہائشی کارڈز، امیگریشن اسٹمپس، لیمینیشن شیٹس اور دیگر سفری دستاویزات بھی ضبط کی گئیں۔

ایف آئی اے نے مزید بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے چیمبر آف کامرس کے جعلی کارڈز، سٹوڈنٹ کارڈز، موبائل فونز، لیمینیشن مشینیں اور ٹائپنگ مشینیں بھی برآمد ہوئیں۔ ان تمام چیزوں کا استعمال جعلی دستاویزات تیار کرنے کے لیے کیا جاتا تھا۔ یہ ملزمان پورے ملک میں ایجنٹس کے ذریعے سادہ لوح شہریوں کو اپنے جال میں پھنساتے تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان بھاری رقم کے عوض شہریوں کو وزٹ ویزے یا عمرہ ویزے پر بیرون ملک بھیجنے کا وعدہ کرتے تھے

ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالہ زون عبدالقادر قمر نے کہا کہ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں

مصنف کے بارے میں