نئی دہلی:بھارتی دارالحکومت دہلی میں ایک دن کی شدید بارش نے 101 سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، جمعہ سے ہفتہ کی صبح ساڑھے 8 بجے تک دہلی میں 41.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس سے قبل، دسمبر کے ایک دن میں سب سے زیادہ بارش کا ریکارڈ 1923 میں 75.7 ملی میٹر تھا۔
رپورٹ کے مطابق، دہلی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں تیز بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر چکا ہے۔
دہلی میں گزشتہ کئی ہفتوں سے اسموگ کی کیفیت جاری تھی، مگر بارشوں نے ہوا کے معیار میں بہتری لائی ہے اور ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 179 کے ساتھ "اعتدال پسند" قرار دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے اگلے دنوں میں مزید ہلکی بارش اور گرج چمک کی پیشگوئی کی ہے۔ اس دسمبر میں دہلی میں 42.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، جو پچھلے 27 سالوں میں سب سے زیادہ ہے۔