سنچورین:سنچورین ٹیسٹ میں بھارتی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہوگئی، جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے پہلے مقابلے میں اننگز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔سنچورین میں میزبان نے بلیوشرٹس کو ایک اننگز اور32 رنز کی عبرتناک شکست سے دوچار کردیا۔ پہلی اننگز میں کے ایل راہول نے سنچری سکور کی جبکہ دوسری اننگز میں ویرات کوہلی نے نصف سنچری بنائی ۔ پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے باؤلنگ کے لیے سازگار وکٹ پر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل درست ثابت ہوا۔
بھارت نے اننگز کا آغاز کیا تو آدھی ٹیم 107 رنز پر پویلین لوٹ چکی تھی لیکن اس کے بعد لوکیش راہول جنوبی افریقی باؤلرز کی راہ میں حائل ہو گئے۔ان کی سنچری کی بدولت بھارتی ٹیم 245 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔جنوبی افریقہ کی جانب سے کگیسو ربادا نے پانچ جبکہ پہلا میچ کھیلنے والے نیندرے برگر نے تین وکٹیں اپنے نام کیں۔
جنوبی افریقہ نے باری شروع کی تو ڈین ایلگر نے بہترین کھیل پیش کیا اور انجری کا شکار کپتان ٹیمبا باووما کی غیر موجودگی کا دباؤ نہ لیتے ہوئے بہترین سنچری سکور کی۔ڈین ایلگر نے 185 رنز کی اننگز تراشی جبکہ ان کے علاوہ ڈیوڈ بیدنگھم نے 56 اور مارکو جینسن نے 84 رنز کی اننگز کھیلیں جس کی بدولت جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 408 رنز بنائے اور 245 رنز کی برتری حاصل کی۔
بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے چار جبکہ محمد سراج نے دو وکٹیں اپنے نام کیں۔بھارتی کی دوسری اننگز پہلی اننگز سے زیادہ ابتر رہی اور دو کھلاڑیوں کے سوا کوئی بھی ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہو سکا۔13 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد ویرات کوہلی اور شبمن گل نے وکٹیں گرنے کا سلسلہ کچھ دیر کے لیے روک دیا اور سکور کو 2 تک پہنچایا۔
شبمن گل 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو وکٹیں گرنے کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہو گیا ۔کوہلی نے 76 رنز کی اننگز کھیلی اور 131 رنز پر جب بھارتی ٹیم کی باری کا خاتمہ ہوا تو وہ آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے۔پہلا میچ کھیلنے والے برگر نے دوسری اننگز میں 4 وکٹوں سمیت 7 وکٹیں لیں جبکہ کگیسو ربادا نے دو اور جینسن نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ڈین ایلگر کو 185 رنز کی اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔