تلنگانہ: بھارت کی ریاست تلنگانہ میں بارات کھانے میں مٹن کی ڈش میں نلی نہ ہونے پر شادی توڑ کر واپس چلی گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دلہن نظام آباد سے آئی تھی اوردولہا جگتیال سے آیا تھا۔جوڑے کی منگنی نومبر میں دلہن کے گھر ہوئی تھی اور شادی کی تقریب تلنگانہ میں منعقد کی گئی تھی جو کہ کچھ ہی دیر بعد منسوخ ہو گئی۔ دلہن کے اہل خانہ نے اپنے مہمانوں کے ساتھ ساتھ دولہا کے رشتہ داروں کے لیے نان ویجیٹیرین ڈنر کا منصوبہ بنایا تھا۔
کھانا کھلنے کے بعد جب دولہے کے مہمانوں نے نشاندہی کی کہ مٹن میں نلی نہیں پیش کی گئی تو شادی کی تقریب میں جھگڑا شروع ہوگیا۔ یہاں تک کہ معاملہ تیزی سے مقامی تھانے تک پہنچ گیا، جہاں اہلکاروں نے نلی کے معاملے پر دولہا کے فریق کو قائل کرنے کی کوشش کی۔
مقامی پولیس سٹیشن کے اہلکاروں کی جھگڑا ختم کرنے کی تمام کوششیں بیکار ہو گئیں اور دولہا اس بات سے مشتعل ہو گیا کہ دولہن والوں نے بارات کی "توہین" کی ہے۔
دلہن کے اہل خانہ کی جانب سے کہا گیا کہ انہیں اس بارے میں پیشگی اطلاع نہیں دی گئی تھی کہ کھانے میں نلی شامل کی جانی چاہیے۔
پولیس اور مقامی لوگ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ محض نلی نہ ہونے کی بنا پر شادی منسوخ ہو گئی اور دونوں پارٹیاں اپنے الگ الگ مقامات پر واپس چلی گئیں۔
بہت سے لوگوں نے نشاندہی کی کہ یہ واقعہ ایک مشہور تیلگو فلم کے منظر نامے سے مشابہت رکھتا ہے۔ 'بلگام' جو مارچ میں ریلیز ہوئی تھی، اس میں دکھایا گیا تھا کہ مٹن بون میرو پر دو خاندانوں کے درمیان جھگڑے کی وجہ سے شادی منسوخ ہو گئی ہے۔