اسلام آباد: اسلام آبادہیلتھ کیئرریگولیٹری اتھارٹی نے چھ ہیلتھ کیئراسٹیبلشمنٹس کومختلف طبی بے ضابطگیوں پرسیل کردیا۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران اسلام آباد ہیلتھ کیئرریگولیٹری اتھارٹی نے اسلام آباد میں کل 92 انسپکشنز کی ہیں۔ہیلتھ کیئر اسٹیبلشمنٹس میں پائی جانے والی سنگین بے ضابطگیوں کی وجہ سے اتھارٹی نے اسلام آباد کے مختلف علاقوںمیں چھ ہیلتھ کیئر اسٹیبلشمنٹس کو سیل کر دیا۔
ذرائع نے بتایا کہ جن ہیلتھ کیئر اسٹیبلشمنٹس کو سیل کیا گیا ان میں پولیٹسٹ لیب اینڈ سنٹر فار بلڈ ڈیزیز، سکن سکلز ایستھیٹکس، ہائی ٹیک لیبز، فاطمہ مالیکیولر لیب (ایف ایم سی ایل)، رومیسا ڈائیگنوسٹک سنٹر، مائنڈ کیئر ری ہیبلیٹیشن سنٹر شامل ہیں۔ انہیں اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے ساتھ رجسٹریشن نہ کروانے، صحت و صفائی کے ناقص انتظامات، مناسب ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کی عدم موجودگی، طبی خدمات فراہم کرنے والا نااہل عملہ اور معیاد ختم ہونے والے ریجنٹس، کٹس اور ٹیسٹ ٹیوبز رکھنے سمیت مختلف جرائم پر سیل کیا گیا۔
اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی نے مختلف طبی عدم تعمیل پر تین ہیلتھ کیئر اسٹیبلشمنٹس کی خدمات معطل کر دیں۔ جن میں لیزر ان، زوبیا ہسپتال، سکن سلوشنز شامل ہیں۔
ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے54 ہیلتھ کیئر اسٹیبلشمنٹس کومعمولی عدم تعمیل کے لیے نوٹس بھیجے گئے اور انسپکشن ٹیم کی طرف سے دی گئی ہدایات پر عمل کرنے کا کہا گیا ۔معائنہ ٹیموں کی آمد پر 19 ہیلتھ کیئر اسٹیبلشمنٹس بند پائے گئے۔ 10 ہیلتھ کیئر اسٹیبلشمنٹس کی رجسٹریشن اور معطلی کو منسوخ کرنے کی سفارش کی گئی۔
اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کی انسپکشن ٹیموں نے بلڈ بینکوں کا معائنہ بھی کیا تاکہ وہ بلڈ بینکنگ کے معیارات کے مطابق کام کر سکیں۔ جن کا معائنہ کیا گیا ان میں معروف انٹرنیشنل ہسپتال، اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال، راول ڈینٹل اینڈ جنرل ہسپتال، میڈاکسی، آئی ڈی سی (میکس ہیلتھ)، میٹرو پول شامل ہیں۔
اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کا مقصد صحت کے اداروں میں طبی سہولیات اور حفاظتی پروٹوکول کے اعلیٰ ترین معیار کو فروغ دینا ہے ۔