شہباز شریف وزیراعظم بن کر ایکسپوز ہو گئے، تاجر برادری کے مسائل کا حل ترجیح ہے: وزیراعلیٰ پنجاب

07:24 PM, 28 Dec, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے 20سال کے دوران گجرات میں کوئی کام نہیں کیا اور اب وہ وزیراعظم بن کر بری طرح ایکسپوز ہوگیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق تاجر برادری کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے سیرت اکیڈمی کو تالے لگوا کر ظلم کیا جبکہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی کوئی پرواہ نہیں، ہماری توجہ صرف صوبے کے عوام کی خدمت پر مرکوز ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ صوبے میں تیز رفتاری سے ترقیاتی کام کر رہے ہیں اورانشاءاللہ جلد منصوبے مکمل کریں گے، حکومتی اخراجات کم کر کے عوام کی ترقی پر لگا رہے ہیں، 100 دنوں میں اتنا کام کیا جو 10 سال میں نہیں ہوا، تاجر برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ 
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ قوم کے بچوں کو بے راہ روی سے بچا کر صحیح سمت میں لے جانا چاہتے ہیں، دین کی تعلیم سے ہی اچھی نسل پروان چڑھے گی، نئی جنریشن کی ترجیحات میں دین اولین ہونا چاہیے، خاتم النبین ﷺ یونیورسٹی کا بل پاس ہو چکا ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ خاتم النبین ﷺ یونیورسٹی کا مصر کی الازہر یونیورسٹی سے الحاق کیاجائے گا، ڈویژنل لیول پر کینسر کے علاج، سرجری اور بچوں کیلئے جدید ترین مشینری مہیا کر رہے ہیں، محض اعلان کافی نہیں ہوتے، ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانا اصل بات ہے۔ 

مزیدخبریں