کراچی ٹیسٹ، تیسرے روز کا کھیل ختم، نیوزی لینڈ کے 6 وکٹوں پر 440 رنز 

06:54 PM, 28 Dec, 2022

نیوویب ڈیسک

کراچی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے 6 وکٹوں پر 440 رنز بنا کر پاکستان کے خلاف 2 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے ٹام لاتھم اور ڈیوون کونوے نے تیسرے روز کھیل کا آغاز کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے گزشتہ شام کے 165 رنز کے سکور کو آگے بڑھایا تاہم 183 کے مجموعی طور پر پر ڈیوون کونوے 92 رنز بنا کر نعمان علی کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ 
ٹام لاتھم سنچری بنانے کے بعد 231 کے مجموعے پر ابرار احمد کا شکار بنے جس کے بعد کریز کے ایک جانب کین ولیم سن پاکستانی باؤلرز کیلئے ایک امتحان ثابت ہوئے۔ 
انہوں نے ہینری نکولس، ڈیل مچلز اور ٹام بلنڈیل کے ساتھ مل کر پارٹنرشپس قائم کرتے ہوئے نہ صرف خسارہ ختم کیا بلکہ 2 رنز کی برتری بھی حاصل کرلی۔ 
نیوزی لینڈ کے دیگر کھلاڑیوں میں ہینری نکولس 22، ڈیرل مچلز 42 اور ٹام بلنڈیل 47 رنز بنا سکے جبکہ دن کے اختتام تک نیوزی لینڈ نے 6 وکٹوں پر 440 رنز بنائے۔ کین ولیم سن اور ایش سودھی چوتھے روز کھیل کا آغاز کریں گے۔ 
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد سب سے کامیاب باؤلر ثابت ہوئے جنہوں نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور نعمان علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد وسیم ایک کھلاڑی کو آؤٹ کر سکے۔ 
واضح رہے کہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان ٹیم 438 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی تھی، کپتان بابر اعظم اور آغا سلمان نے سنچریاں بنائی تھیں۔ 
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹِم ساؤتھی سب سے کامیاب باؤلر رہے تھے جنہوں نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ اعجاز پٹیل، ایش سودھی اور مائیکل بریسویل نے 2,2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔ 
واضح رہے کہ کراچی ٹیسٹ کیلئے قومی ٹیم کی قیادت بابراعظم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق، امام الحق، شان مسعود، سعود شکیل، سرفراز احمد، آغا سلمان، نعمان علی، محمد وسیم، میر حمزہ اور ابرار احمد شامل ہیں۔ 
نیوزی لینڈ کی قیادت ٹم ساؤتھی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ٹام لاتھم، ڈیوون کونوے، کین ولیم سن، ہنری نکولس، ڈیرل مچل، ٹام بلنڈل، مائیکل بریسویل، ایش سودھی، نیل ویگنر اور اعجاز پٹیل شامل ہیں۔

مزیدخبریں