اسلام آباد: سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے کچھ ارکان نے استعفے منظور نہ کرنے کی درخواست کی ہے۔ ان کے نام ظاہر نہیں کروں گا۔ پی ٹی آئی کو کہوں گا پارلیمنٹ میں کردار ادا کرے۔ عجلت میں استعفے منظور نہیں کروں گا۔ '
پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو میں راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیف وہپ نے گزشتہ روز مجھ سے ملاقات کے لئے رابطہ کیا تھا۔میں نے آج اسمبلی آفس میں پہنچ کر خود عامر ڈوگر سے رابطہ کیا ۔انہیں بتایا کہ میں اسپیکر آفس پہنچ گیا ہوں ملاقات کے لئے آجائیں۔ پی ٹی آئی کے سابق چیف وہپ نے کل ملاقات کا کہا ہے۔
راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ عامر ڈوگر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چند لوگ استعفیٰ کے معاملے پر ملاقات کرنا چاہتے ہیں ۔میں نے کہا کہ جتھے کی صورت میں ملاقات نہیں ہوگی۔رولز کے مطابق سب ممبران سے الگ الگ ملاقاتیں ہوں گی ۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کے استعفیٰ اپنے ہاتھ سے لکھے ہوئے نہیں ہیں ۔قواعد کے مطابق ہر ممبر کو اپنے ہاتھ سے اپنا استعفیٰ لکھنا لازم ہے۔کچھ ارکان نے استعفےٰ منظور نہ کرنے کی استدعا کی جن ارکان نے مجھ سے استعفیٰ منظور نہ کرنے کی استدعا کی انکا نام اور تعداد نہیں بتا سکتا۔
سپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ میں عجلت میں پی ٹی آئی کے استعفی منظور نہیں کرونگا ۔ استعفی قواعد وضوابط کے مطابق منظور ہوں گے۔ ملکی مسائل کا واحد حل پارلیمنٹ کا فورم ہے۔ میں سب کا اسپیکر ہوں کسی ایک سیاسی جماعت کا نہیں ۔پی ٹی آئی کو کہوں گا پارلیمنٹ میں اپنا کردار ادا کرے۔