ملک بھر میں موبائل سمز کے اجراء کا طریقہ کار تبدیل کردیا گیا

ملک بھر میں موبائل سمز کے اجراء کا طریقہ کار تبدیل کردیا گیا

 اسلام آباد  پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نےجعل سازی اور دھوکہ دہی کو روکنے کے لیے سمز کے اجرا کا طریقہ کار تبدیل کردیا۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) اور موبائل کمپنیز کے تعاون سے  خود کار نظام کے تحت موبائل سم حاصل کرنے کے خواہش مند افراد کی انگلیوں کی تصدیق  کا فیصلہ کیا ہے ۔

نئے نظام کے تحت  سمز آپریٹر  صارف کو کسی خاص انگلی مشین پر رکھنے کا نہیں کہے گا بلکہ صارف خود ہی مشین پر ہر انگلی رکھتا جائے گا اور مشین خودکار نظام کے تحت کسی بھی  انگلی کی شناخت کرکے صارف کو سم کے لیے اہل قرار دےگی، مشین صارف کے دونو ں ہاتھوں کے  انگوٹھوں اور انگلیوں میں سے دو کی تصدیق کے بعد صارف کو سم کے لیے اہل قرار دے گی۔

  اگر کسی صارف کی انگلیوں کو مشین اسکین کرنے میں مشکلات کا شکار ہوگی یا صارف کی انگلیوں کی تصدیق نہیں ہوسکے گی تو اسے سم کارڈ نہیں دیا جائے گا ۔

 پی ٹی اے  ، موبائل سروسز فراہم کرنے والی کمپنیوں  اور  نادرا  امید  ظاہر  کررہے ہیں کہ  اس طریقہ کار کے تحت موبائل سم کے اجرا میں ہونے والی جعل سازی یا دھوکہ دہی کو روکا جا سکے گا۔

نئے طریقہ کار کو ’ملٹی فنگر بائیو میٹرک ویری فکیشن سسٹم‘ (ایم بی وی ایس) کا نام دیا  گیا ہے جب کہ اس سے قبل نافذ العمل طریقہ کار کو ’بائیو میٹرک ویری فکیشن سسٹم‘ (بی وی ایس) کہا جاتا تھا،سم کارڈز کے اجرا کا نیا طریقہ کار کو ملک بھر میں فوری طور پر نافذ العمل کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ اب تک موبائل سمز آپریٹرز صارف کو کوئی خاص انگلی مشین پر رکھنے کی ہدایت کرتے تھے اور مشین اسی انگلی کی تصدیق کرنے کے بعد صارف کو مجاز ٹھہراتی تھی۔
 

مصنف کے بارے میں