حکومت عوام کی نفرت کے سمندر میں ڈوب چکی ہے، شہبازشریف

03:42 PM, 28 Dec, 2021

لاہور: مسلم لیگ نون کے رہنما  شہباز شریف نے کہا ہے کہ  منی بجٹ ’ہم تو ڈوبے ہیں صنم تم کو بھی لے ڈوبیں گے‘ کی عملی شکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ  حکومت خود تو عوامی نفرت کے سیلاب میں ڈوب چکی ہے، ملک کو آئی ایم ایف کے پنجرے میں قید نہ کرے۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کے سربراہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ منی بجٹ سے ملکی حالات بہتر ہونے کے بجائے مزید بدترین ہوجائیں گے، منی بجٹ منظور ہوا تو نیا سال قوم کیلئے مہنگائی کا بدترین سال بن جائے گا۔

 شہباز شریف نے کہا کہ  حکومت آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کیلئے پارلیمنٹ کو ربڑ اسٹیمپ بنانا چاہتی ہے انہوں نے کہا کہ منی بجٹ دراصل پارلیمنٹ کی خودمختاری پر بھی حملہ ہے۔ 
 شہبازشریف نے کہا کہ پارلیمنٹ عوام کے مفادات کیلئے کھڑی نہ ہوئی تو اسے عوامی نمائندہ ادارہ نہیں سمجھا جائے گا، منی بجٹ مسلط کرنے سے بہتر ہوگا حکومت ناکامی کا اعتراف کرکے قوم کی جان چھوڑ دے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی کارکردگی دیکھ کر عوام کی اکثریت موجودہ ٹیم سے مکمل بیزار اور مایوس ہوچکی ہے، رواں سال حکومت کا صرف پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 39 روپے سے زائد اضافہ ظلم ہے۔

 قائد حزب اختلاف نے کہا کہ تین سال میں دواؤں کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہوا ہے، حکومتی اعتراف سے عمران نیازی کے سستے پاکستان کی نفی ہوگئی ہے، قومی اسمبلی میں چینی کی پیداوار میں کمی کا حکومتی اعتراف اس کے پہلے دعوؤں کی نفی ہے۔

مزیدخبریں