لاہور: محکمہ ایکسائز پنجاب نے اپنی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو رجسٹرڈ یا ٹرانسفر کروانے کے خواہشمند افراد کو خوشخبری سنا دی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز پنجاب نے گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی رجسٹریشن کے خواہشمند افراد کو 24 گھنٹے خدمات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکام کے مطابق اب لاہور کا فرید کورٹ ہاؤس یکم جنوری 2022 سے درخواست گزاروں کے لیے 24 گھنٹے کھلا رہے گا۔
ڈائریکٹر ایکسائز قمر الحسن نے کہا ہے کہ عوام اب آن لائن فیس کی ادائیگی اور بائیو میٹرک تصدیق کے بعد دفتری اوقات کے بعد بھی اپنی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی رجسٹریشن یا ٹرانسفر کے لیے درخواست دے سکیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی طور پر یہ خدمات لاہور کے شہریوں کو پیش کی جائیں گی جو بعد میں پنجاب بھر میں متعارف کرائی جائیں گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور میں شہریوں کو سہولت دینے کیلئےٹریفک پولیس حکام نے بھی بڑی سہولت دی تھی جس سے شہری چھٹی کے روز بھی ڈرائیونگ لائسنس بنوا سکتے تھے ، پولیس حکام کی جانب سے 31 دسمبر تک اتوار کے روز بھی ڈرائیونگ لائسنس سنٹرز کھلنے رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
آئی جی ٹریفک پولیس پنجاب کے احکامات کے مطابق اتوار کو دوپہر ایک بجے تک سنٹرز کھلے رکھے گئے، اس سہولت سے لاہور کے شہری مستفید بھی ہوئے ۔