کراچی ، معروف اداکار فرحان علی آغا نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اخیتار کرلی ۔ کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فرحان علی آغا کا کہنا تھا کہ میں باقاعدہ اعلان کرتا ہوں کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کا حصہ بن گیا ہوں اور انشاء اللہ آخر تک ہر محاذ پر پارٹی کا ساتھ دوں گا ۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے دیگر رہنما فردوس شمیم نقوی ، خرم شیرزمان ، ڈاکٹر عمران علی شاہ بھی موجود تھے ۔ اداکار فرحان علی آغا نے کہا کہ میں پارٹی کے سینئر ز کا شکرگذار ہوں جن کی موجود گی میں مجھے پی ٹی آئی جوائن کرنے کا موقع ملا ۔
فرحان علی آغا نے کہا کہ پاکستان مشکل اور ترقی پسند حالات سے گذررہا ہے یہ ملک میرا اور آپ سب کا ہے ۔ ہمیں اس کے لئے محنت کرنی چاہئے ۔
فرحان علی آغا نے کہا کہ میں وزیراعظم عمران خان کی باتیں سنتا ہوں اور اکثر انہیں یہ کہتے سنا ہے کہ کس طرح لوگوں نے مختلف طریقوں سے پاکستان کو نقصان پہنچایا ہے تو یہی وہ وقت ہے کہ اچھے لوگ، جن کے دلوں میں جذبہ ہے، پاکستان سے محبت ہے، ایماندار ہیں تو سامنے آئیں اور اپنا حق ادا کریں۔