اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے مقبوضہ کشمیر کی جیلوں میں محبوس کشمیری قیادت کی صحت کی خراب صورتحال پر اظہار تشویش کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مختلف جیلوں میں قید اور نظر بند کشمیری رہنماؤں کی صحت کی خراب صورتحال پر تشویش ہے۔ بزرگ رہنما سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق سمیت متعدد سینئر کشمیری قائدین نظر بند ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ شبیر احمد شاہ، یاسین ملک اور مسرت عالم بھٹ جیسے کشمیری رہنما عالمی وبا کے دوران مشکل حالات سے گزر رہے ہیں۔ محمد اشرف صحرائی، آسیہ اندرابی اور دیگر جیلوں میں مشکل حالات سے دوچار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیری رہنماؤں کو کالے قوانین کے تحت جھوٹے اور من گھڑت الزامات میں گرفتار کیا گیا۔ غیر قانونی بھارتی قبضے کیخلاف جدوجہد کی بنیاد پر کشمیری رہنماؤں کو نظر بند کرنا انتہا پسندانہ ذہنیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کشمیری رہنماؤں پر تشدد کرنا آر ایس ایس اور بی جے پی حکومت کی انتہا پسندانہ ذہنیت کا عکاس ہے۔ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں کشمیری رہنماؤں سے بھارت کے غیر انسانی سلوک کا نوٹس لیں۔ عالمی برادری کشمیری رہنماؤں کی غیر قانونی نظر بندی سے فوری رہائی کیلئے آواز اٹھائے۔