نیویارک: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر ولکان بوزکیر نے بلوچستان میں دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے پاکستانی حکومت اور عوام سے اظہار تعزیت کیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے اپنے تعزیتی پیغام میں ولکان بوزکیر نے لکھا کہ میں پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔ اپنے پیغام میں انہوں نے پاکستانی حکومت اور عوام سے اظہار تعزیت کیا۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل پاکستانی مندوب منیر اکرم نے صدر جنرل اسمبلی کے پیغام پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے بیرونی دہشتگردی کے خلاف بھاری قیمت ادا کی۔ نقصانات کے باوجود دہشت گردی کو شکست دینے کا عزم اٹل ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں دہشتگردوں نے وطن کی حفاظت پر مامور ایف سی کے اہلکاروں کی چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا تھا۔ اس موقع پر جوانوں نے وطن کے دشمنوں کا پامردی سے مقابلہ کیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 7 اہلکاروں نے وطن پر اپنی جان قربان کرکے شہادت کا رتبہ پایا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، سینیٹ اور قومی اسمبلی کے سپیکرز، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور وزیراعلیٰ پنجاب سمیت تمام اہم شخصیات نے اس بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہدا کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردوں کے حملے میں پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر ان کا دل دکھی ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں انہوں نے شہدا کے درجات کی بلندی جبکہ ورثا کو صبر جمیل عطا کرنے کیلئے خصوصی دعا کی۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ وطن دشمنوں کے ایسے بزدلانہ حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ وطن کی خاطر اپنے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔