دھند سے عارف والا میں حادثہ، 2 افراد جاں بحق

10:05 AM, 28 Dec, 2019

عارف والا: پنجاب کے ضلع پاکپتن کی تحصیل عارف والا میں دھند کے باعث حادثہ پیش آیا ہے۔ عارف والا بائی پاس پر ٹرک اور مسافر وین آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔

پنجاب کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس سے متصل شہر راوالپنڈی بھی شدید دُھند کی لپیٹ میں ہے جہاں حدِ نگاہ 10 میٹر سے بھی کم رہ گئی جس سے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے۔

ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق پنجاب میں قومی شاہراہ پر حبیب آباد، رینالہ خورد، کسوال، اوکاڑہ، ساہیوال، ہڑپہ، چیچہ وطنی، میاں چنوں، خانیوال، ملتان، لودھراں، بستی ملوک اور بہاول نگر سمیت صوبے کے دیگر علاقوں اور سندھ کے میدانی علاقوں میں شدید دھند نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔

شدید دھند کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں۔ ٹرینوں کی آمد و رفت اور پروازوں کا شیڈول درہم برہم ہو گیا ہے۔اسلام آباد اور روال پنڈی میں دھند کی وجہ سے دبئی سے اسلام آباد جانے والی کئی پروازیں واپس دبئی لوٹ آئیں۔

قومی شاہراہ کے مختلف مقامات پر دھند کے حوالے سے ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ حدِ نگاہ کم ہو کر 50 میٹر تک رہ گئی ہے۔

ترجمان موٹر وے پولیس نے ہدایت کی ہے کہ ڈرائیور حضرات گاڑیوں کے آگے اور پیچھے فوگ لائٹس کا استعمال کریں، تیز رفتاری سے گریز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں جبکہ مزید معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔

مزیدخبریں