سعودی جنرل کورٹ نے احاطہ عدالت میں عورتوں پر نقاب کی پابندی ختم کردی

09:25 PM, 28 Dec, 2017

ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے جنرل کورٹ نے عورتوں پر نقاب کی پابندی ختم کردی جس کے بعد اب خواتین بغیر نقاب کے بھی عدالت میں داخل ہوسکتی ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق ریاض کے جنرل کورٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ اب خواتین احاطہ عدالت میں بغیر چہرہ ڈھانپے بھی داخل ہوسکتی ہیں لیکن شرط یہ ہے کہ انہوں نے مناسب لباس زیب تن کیا ہو۔

گزشتہ برس سعودی جنرل کورٹ نے ایک سرکلر جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ خواتین احاطہ عدالت کے اندر بغیر نقاب یعنی چہرے کو ڈھانپے بغیر داخل نہیں ہوسکتیں۔

اب عدالت نے اس حکم نامے میں ترمیم کرتے ہوئے نقاب کی پابندی ختم کردی ہے تاہم یہ کہا گیا ہے کہ خواتین کے لیے ضروری ہے کہ وہ لباس کے حوالے سے عدالت کے قواعد و ضوابط کو ملحوظ خاطر رکھیں اور مناسب لباس زیب تن کریں۔

مزیدخبریں