لاہور: پچھلے کئی ماہ سے ہزاروں آئی فون صارفین شکایت کر رہے تھے کہ ان کے پرانے آئی فون سست ہوتے جا رہے ہیں۔اب تصدیق ہوگئی ہے کہ ایپل جان بوجھ کر ایسا کر رہا تھا۔ اصل میں ایپل فون کی بیٹری لائف کم ہونے پر اس کے پراسیسر کو سست کر دیتا ہے، جس سے فون کم بیٹری پر بھی بند نہیں ہوتا لیکن اس کی کارکردگی بہت زیادہ متاثر ہوتی ہے۔ حال ہی میں ایک رپورٹ کے ذریعے یہ تمام معلومات منظر عام پر آگئیں، جس سے ایپل صارفین کافی غصہ بھی ہوئے۔
بہت سے صارفین نے ایپل پر مقدمات کردئیے۔ایپل پر دائر مقدمات کی تعداد اس وقت 9 ہو چکی ہے۔ ان میں سے ایک مقدمہ ایسا ہے جس میں ایپل سے تقریباً 1 ٹریلین ڈالر ہرجانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔یہ مقدمہ ویولیٹا مایلیان اور ا±نکی ٹیم کے وکلاءنے کیا ہے۔مقدمے میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ایپل دھوکے سے پرانے آئی فون کی کارکردگی کو محدود کر کے صارفین کو نیا فون خریدنے پر مجبور کر رہا ہے۔اب دیکھنا یہ ہے کہ مایلیان 1ہزار ارب ڈالر میں سے کتنے ہرجانے کی حقدار قرار پاتی ہیں۔ اگر انہیں ایپل سے چند ہزار ڈالر بھی مل گئے تو یقیناً ایپل کے تمام پرانے فون رکھنے والے صارفین اسی طرح ایپل پر مقدمات کر کے نیا فون خریدنا پسند کریں گے۔