اس سال حج 38دنوں کی بجائے کتنے دنوں کا ہو گا؟ حج درخواستیں کب اور کہاں جمع کروائی جاسکتی ہیں ؟ تمام تفصیلات سامنے آگئیں

09:28 AM, 28 Dec, 2017

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سال 2018ء کیلئے نئی حج پالیسی کا اعلان کردیاہے۔وفاقی وزیرمذہبی امورسرداریوسف نے کہا کہ حج کا دورانیہ کم کرکے 38 دن سے 30 دن پرلایا جائے گا، سرکاری حج اسکیم کے تحت درخواستیں 15تا 24 جنوری تک موصول ہوں گی،جبکہ قرعہ اندازی 26 جنوری کوہوگی، سرکاری اسکیم کا کوٹی ایک لاکھ 20 ہزارجبکہ پرائیویٹ کا کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار210 ہے۔ 

میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیرمذہبی امورسرداریوسف نے سال 2018ء کیلئے نئی حج پالیسی کااعلان کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری حج اسکیم پرعوام کااعتماد بحال ہواہے۔سپریم کورٹ کے فیصلے پرحج پالیسی 2017ء پرنظرثانی کی گئی۔حج کادورانیہ کم کرکے 38 دن سے 30 دن پرلایاجائے گا۔ حج اخراجات میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ ہماری حکومت سے پہلے حج انتظامات انتہاء ناقص تھے۔ 

حجاج کرام کوحرم شریف سے دوررہائش اور کھانا فراہم کیا جاتا تھا۔عرفات میں ایئرکولربھی دیئے گئے۔ حجاج کرام کوتمام عمارتوں میں وائی فائی کی سہولت بھی فراہم کی گئی۔انہوں نے کہا کہ سرکاری حج اسکیم کے تحت درخواستیں 15سے 24جنوری تک موصول ہوں گی۔ جبکہ سرکاری حج اسکیم کی قرعہ اندازی 26جنوری کوہوگی۔ سال 2016ء میں حج پیکج کوکم کرکے 2لاکھ 78ہزارروپے کیا گیا۔ سال 2017ء میں 3لاکھ 38 ہزار696 حج درخواستیں موصول ہوئیں۔

سال 2018ء کیلئے سرکاری اسکیم کاکوٹی ایک لاکھ 20ہزارجبکہ پرائیویٹ اسکیم کے تحت حج کاکوٹہ ایک لاکھ 79ہزار210مقرر کیاگیاہے۔بزرگ شہریوں کیلئے 10ہزار کا کوٹہ رکھا گیا ہے۔اس کے باوجود اگراضافہ مقصود ہواتوحکومت برداشت کرے گی۔

مزیدخبریں