ممبئی :بھارتی فلم انڈسٹری کے دبنگ خان ’’سلو میاں ‘‘ کی نئی فلم ’’ٹائیگر زندہ ہے ‘‘ نے 5دنوں میں ایک سو 70کروڑ کما کر نیا ریکارڈ قائم کر دیا ،سلمان خان کی یہ مسلسل 12ویں فلم ہے جس نے باکس آفس پر 100کروڑ سے زیادہ کمائی کی ہے ،یاد رہے کہ دبنگ خان کی یہ فلم رواں ماہ 22دسمبر کو پردہ سکرین کی زینت بنی تھی ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کے مشہور اداکار سلمان خان کی نئی ریلیز ہونے والی فلم ’’ٹائیگر زندہ ہے ‘‘ نے 5دنوں میں 170کروڑ روپے کما کر سلمان خان کے حوصلوں کو مزید بڑھا دیا ہے ،سلو میاں اپنی فلم کی کامیابی پر انتہائی خوش دکھائی دے رہے ہیں ۔
سلمان خان کی یہ مسلسل 12ویں فلم ہے جس نے باکس آفس پر 100کروڑ سے زیادہ کی کمائی کی ہے۔سال 2010 میں سلمان کی فلم ’’دبنگ ‘‘ریلیز ہوئی تھی جس نے باکس آفس پر 145کروڑ روپے کی کمائی کی تھی۔
اس کے بعد 2011 میں ’’ریڈی‘‘ اور’’ باڈی گارڈ‘‘ ریلیز ہوئیں’’ریڈی‘‘ نے 120 جبکہ’’ باڈی گارڈ‘‘ نے 142 کروڑ روپے کی کمائی کی تھی۔سال 2012 میں سلمان کی 2 فلمیں ریلیز ہوئیں اور دونوں نے ہی 100 کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کی۔
’’دبنگ 2 ‘‘نے 158 جبکہ ’’ایک تھا ٹائیگر‘‘ نے 198 کروڑ روپے کی کمائی کی۔2013ء میں سلو میاں کی کوئی بھی فلم ریلیز نہیں ہوئی تھی۔2014 ء میں دبنگ خان کی ریلیز ہونے والی’’ جے ہو ‘‘نے 111کروڑ اور’’ کک ‘‘نے 233 کروڑ کا کاروبار کیا۔
سال 2015ء میں بھی سلمان خان کی دو فلمیں ریلیز ہوئیں’’بجرنگی بھائی جان‘‘ اور’’ پریم رتن دھن پایو ‘‘نے بالترتیب 320 کروڑ اور 207کروڑ روپے کمائے ’’بجرنگی بھائی جان ‘‘ سلمان خان کی فلمی کیرئیر کی وہ واحد فلم ہے جس نے اب تک سب سے زیادہ کمائی کی ہے ۔
سال 2016ء میں سلمان خان کی فلم’’ سلطان ‘‘ریلیز ہوئی ،اس فلم نے باکس آفس پر 300 کروڑ روپے کی کمائی کی۔2017 میں’’ ٹیوب لائٹ‘‘ ریلیز ہوئی اور اس نے بھی 121کروڑ روپے کی کمائی کی ہے ۔