اسلام آباد :اسلام آباد ہائی کورٹ نے صحافیوں کو کوریج سے روکنے کے کیس میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے جواب طلب کر لیا ۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے کیس کی سماعت کی، اس موقع پر سینئر وکیل عبدالواحد قریشی صحافیوں کی جانب سے پیش ہوئے۔ کورٹ نے سیکریٹری بورڈ کو کل ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔
عدالت نے پاکستان کرکٹ بورڈ سمیت فریقین کو نوٹس جاری کر دیے جبکہ اسپورٹس جرنلسٹس کو ایکریڈیشن کارڈ جاری نہ کرنے پر پی سی بی سے جواب بھی طلب کرلیا ہے۔
سماعت کے دوران جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیے کہ کوریج کرنا صحافیوں کا بنیادی حق ہے، رپورٹنگ کرنا اور تجزیہ کرنا آئین کے تحت بنیادی حق ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی ۔
واضح رہے کہ 27 اگست کو پی سی بی کی جانب سے صحافیوں کو میچز کی کوریج سے روکنے کے معاملے پر اسپورٹس جرنلسٹس نے اسلام آباد میں درخواست جمع کروائی تھی۔