اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیرکاکہنا ہے کہ پاکستان کو توانائی کے بحران سے نکالنے میں مسلم لیگ (ن) کا ریکارڈ شاندار ہے۔خرم دستگیر نے ایک بیان میں کہاکہ پاکستان کو توانائی کے بحران سے نکالنے میں مسلم لیگ (ن) کا ریکارڈ شاندار ہے۔انہوں نے کہا 2013 میں قائم ہونے والی مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے محمد نواز شریف کی سربراہی میں پاکستان کو بجلی اور گیس کے بحران سے نکالا اور اپنے دور حکومت میں ہی بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کی۔
2019 میں پی ٹی آئی چیئرمین نے آئی ایم ایف کے ساتھ غریب دشمن معاہدہ کیا جس کے نتیجے میں پاکستان کی حکومت کا کرنسی پر کنٹرول عملا ختم ہو گیا اور عمران حکومت کی نااہلی کی وجہ سے بجلی کی قیمت میں مستقل اضافہ ہوتا رہا۔
سابق وفاقی وزیر توانائی نے کہاکہ پاکستان کے مستقبل کے لیے پاکستانی تھر کوئلے سے بننے والی بجلی کے بڑے منصوبوں کی تکمیل انتہائی اہم اور خوش آئند ہے ۔ ان منصوبوں کا آغاز 2014 میں محمد نواز شریف نے کیا تھا۔پی ٹی آئی چیئرمین کے دور میں یہ منصوبے تعطل کا شکار ہوگئے تھے لیکن شہباز شریف کے دور میں ان منصوبوں کو مکمل کیاگیا اور یہ آج پاکستان کو بجلی فراہم کررہے ہیں۔
خرم دستگیر نے کہاکہ پی ٹی آئی چیئرمین کے اپریل 2019 میں آئی ایم ایف سے کیے گئے غریب دشمن معاہدے کی وجہ سے بجلی کی قیمت میں بار بار اضافہ ہوا۔ پاکستان کے عوام انشاءاللہ محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ( ن) کومنتخب کریں گے۔ ہم ماضی کی طرح مہنگائی کم کریں گے ۔ بجلی سستی کریں گے۔ سستی بجلی کے ذرائع پیدا کریں گے اور ایک بار پھر پاکستانیوں کو قیمتوں میں استحکام اور باعزت روزگار فراہم کریں گے۔