مانسہرہ: پی ٹی آئی پی کے سربراہ پرویز خٹک کاکہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی ملک کے تاحیات حکمران بننا چاہتے تھے۔انہوں نے مانسہرہ جلسے میں خطاب میں کہاکہ چیئرمین پی ٹی آئی ملک کے تاحیات حکمران بننا چاہتے تھے۔ چیئرمین پی ٹی آئی ایک ڈکٹیٹر ہے، وہ صرف پیسے والوں کے ہمدرد ہیں۔ وہ ملک کے تاحیات حکمران اور بادشاہ بننا چاہتے تھے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ ہماری مرکز اور صوبے میں حکومت رہی، افسوس ہم نیا پاکستان نہ بنا سکے، تحریک انصاف نے ساڑھے تین سال ملک کیلئے کچھ نہیں کیا۔
پرویز خٹک نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی کام کرنے کی نیت ہی نہیں تھی۔ وہ کہتے تھے کہ جس کا دل کرے چلا جائے مجھے کوئی فکر نہیں۔سربراہ پی ٹی آئی پی نے یہ بھی کہا کہ کے پی میں حکومت صرف میری ذاتی کاوش سے بنی تھی، کے پی حکومت میں چیئرمین پی ٹی آئی کا کوئی کریڈٹ نہیں تھا، چیئرمین پی ٹی آئی نے میرے ساتھ کئی وعدے کیے، لیکن مکر گئے، ان سے قبضہ ہم لے چکے ہیں۔
پرویز خٹک نے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے بلدیاتی نمائندوں کو اختیار دینے سے منع کیا، محمود خان کو کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کو اختیار دو گے تو مست ہو جائیں گے، ہم بلدیاتی نظام کو درست کریں گے۔