عوام کو ریلیف  ملے گا یا نہیں ،تجاویز تیار: کل  وفاقی کابینہ سے منظوری لی جائیگی

06:38 PM, 28 Aug, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : بجلی کی بچت و بلوں  کے بارے  میں تجاویز تیار کرلی گئی ہیں اور  کل وفاقی کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔بجلی کے اضافی بلوں کے معاملے میں نگران وزیر اعظم  انوار الحق کاکڑ کی صدارت میں دو اجلاس ہوچکے ہیں۔  ملک میں بجلی کے نرخوں اور بلوں کے معاملہ پر نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل دوبارہ طلب کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزارت توانائی نے بجلی کی بچت اور بلوں سے متعلق تجاویز تیار کر لی ہیں۔ وزارت توانائی کی تجاویز کی کل وفاقی کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے وزیر توانائی نے ملاقات کی۔ اس  ملاقات میں انہوں نے بجلی کے نرخوں اور زائد بلوں سے متعلق مشاورت کی، بجلی کے بلوں میں ممکنہ ریلیف اقدامات کا جائزہ لیا۔ذرائع کے مطابق نگران وزیر اعظم اور وزیر توانائی نے متعلقہ اداروں کے افسران اور ملازمین کو مفت بجلی کی فراہمی کے معاملہ پر بھی غور کیا۔

وزیر توانائی کی جانب سے بجلی کے بلوں میں ممکنہ ریلیف سے متعلق مختلف آپشنز پیش کیے گئے۔  بجلی کے بلوں میں شامل ٹیکسز کا بھی جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم آفس کے مطابق بجلی کے بلوں میں ریلیف سے متعلق وزیراعظم کی زیر صدارت باضابطہ اجلاس کل ہوگا۔

ذرائع نے بتایا کہ جولائی کے بجلی کے بل قسطوں میں وصول کرنے کی تجویز پر بھی غور ہوگا۔ عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف سے متعلق حتمی فیصلہ کل کیا جائے گا۔ 

مزیدخبریں