جیت پاکستان کی عادت بن گئی ہے، بھارت کا اس ٹیم سے مقابلہ آسان نہیں: وسیم اکرم

05:37 PM, 28 Aug, 2023

نیوویب ڈیسک

دبئی:سوئنگ کے سلطان   وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ جیت پاکستان کی عادت بن گئی ہے اس ٹیم سے مقابلہ اب بھارت سمیت کسی بھی ٹیم کیلئے آسان نہیں ہوگا۔دبئی میں ایک تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان وسیم اکرم   کاکہنا تھا کہ جیت پاکستان کی عادت بن گئی ہے اس ٹیم سے مقابلہ اب بھارت سمیت کسی بھی ٹیم کیلئے آسان نہیں ہوگا۔انہوں نے ایشیا کپ پر بات کرتے ہوئے کہاکہ  ایشیا کپ ایک لمبا ٹورنامنٹ ہے، کوئی ایک میچ نہیں ہے جسے کھیل کر کوئی بھی ٹیم سیمی فائنل میں جاسکتی ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ  ایشیا کپ 20 کے بجائے 50 اوور کا میچ ہے لہٰذا اس میچ کیلئے مختلف مائنڈ سیٹ اور مختلف حکمت عملی درکار ہوگی۔  ان میچز میں ہر ٹیم کے نوجوان بائولرز کی کارکردگی 10 اوورز  سے  معلوم ہوگی کیوں کہ ہر بائولر کے پاس اب 4 اوور کے بجائے 10 اوور ہوں گے۔ 

پاکستان ٹیم کی حکمت عملی پر بات کرتے ہوئے سابق کپتان کا کہنا تھاکہ پاکستانی ٹیم اور مینجمنٹ نئے طریقے کار آزما رہی ہے جس کے تحت ٹی ٹوینٹی فارمیٹ میں نئے کھلاڑیوں حتیٰ کہ نئے کپتان کو بھی آزمایا گیا، اب تو پاکستان کی جانب سے ایشیا کپ سکواڈ کا بھی اعلان کردیا گیا ہے، اس ٹیم کا مقابلہ کرنا بھارت سمیت کسی بھی ٹیم کیلئے آسان نہیں ہوگا۔

 ٹورنامنٹ میں کسی ایک ٹیم کی فتح پر وسیم اکرم نے کہا کہ ٹورنامنٹ کیلئے پاکستان اور بھارت دو اہم ٹیمیں ہیں جن کیلئے دنیا بھر سے شائقین کی سپورٹ ہے، دنیا بھر کی نظریں ان دونوں ٹیموں پر ہیں لیکن اس سب کے باوجود آپ دوسری ٹیموں کو نظر انداز نہیں کرسکتے کیوں کہ پچھلی مرتبہ سری لنکا ایشیا کپ جیت گیا تھا اور پاکستان بھارت سمیت باقی ٹیمیں بھی ایشیا کپ کھیلنے آئی ہیں۔

بابر اعظم  کی پرفارمنس پر بات کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ بابراعظم رائٹ ٹریک پر ہے، کپتانی سیکھ رہا ہے اور پرفارمنس دے رہا ہے جب کہ پاکستان ٹیم اس وقت جیسی پرفارمنس دے رہی ہے اس سے یہ ایک مکمل ٹیم لگ رہی ہے،  ٹیم متحد ہے ، جیت پاکستان کی عادت بن گئی ہے جو کہ ایک اچھا سائن ہے۔

مزیدخبریں