عمران خان کو بڑا ریلیف مل گیا، مقدمہ خارج، وارنٹ غیرقانونی قرار

12:34 PM, 28 Aug, 2023

نیوویب ڈیسک

کوئٹہ : بلوچستان ہائیکورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف ایک ایسے ایف آئی آر کوغیر قانونی قراردیا ہے جو کہ ان کے خلاف بجلی گھرپولیس اسٹیشن کوئٹہ میں ایک شہری کی جانب سے دائرکی گئی تھی۔

ایف آئی آر میں یہ الزام عائد کیا گیا تھا کہ عمران خان نے ملکی اداروں اوران کے سربراہوں کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے ۔ پانچ مارچ کو پولیس تھانے میں درج ہونے والے اس ایف آئی آر کے تحت جوڈیشل مجسٹریٹ ون کوئٹہ نے تحریک انصاف کے سربراہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین نے اس ایف آئی آراوراس کے تحت جاری ہونے والے وارنٹ گرفتاری کو بلوچستان ہائیکورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے یہ استدعا کی تھی کہ ان کے خلاف یہ ایف آئی آر بدنیتی کی بنیاد پردائرکی گئی ہے اس لیے اسے غیرقانونی قراردیا جائے اور ان کے وارنٹ گرفتاری کو منسوخ کیا جائے۔

عمران خان کی پیروی انصاف لائرز فورم کے وکلاء نے کی تھی ۔

ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس گل حسن ترین پر مشتمل بینچ نے پیرکو درخواست پرمحفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ایف آئی آر کو غیرقانونی قراردیتے ہوئے اسے خارج کرنے کا حکم صادر کیا۔عدالت نے ایس ایف آئی آر کے تحت عمران خان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کو بھی منسوخ کردیا۔

مزیدخبریں