دبئی: پاکستانی بلے بازوں کی ناقص کارکردگی کے باعث ایشیا کپ کے میچ میں بھارت کے خلاف پاکستان کی پوری ٹیم 147رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ہے۔ 148 رنز کا ہدف بھارتی ٹیم نے آخری اوور میں مکمل کرلیا۔
دبئی میں کھیلے جا رہے میچ میں بھارت کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ پاکستان کی طرف سے بابر اعظم چلے نہ فخر زمان ۔محمد رضوان ، خوشدل شاہ ، افتخار احمد بھی اچھی کارکردگی نہ دکھا سکے۔ پاکستانی ٹیم کی وکٹیں سوکھے پتوں کی طرح گرتی رہیں اور بھارتی باؤلرز کی کوئی بھی شارٹ گیند نہیں کھیل سکے اور پوری ٹیم 19.5 اوورز میں پویلین لوٹ گئی۔
بھارت نے ہدف کا تعاقب کیا تو ٹی20 کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے پہلے اوور کی دوسری گیند پر کے ایل راہول کو آؤٹ کرکے اپنی ٹیم کی امیدیں بڑھائیں۔نسیم شاہ نے نئے آنے والے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی کو پہلی گیند پر پریشان کیا جبکہ اگلی گیند پر کوہلی نے سلپ پر کیچ دیا لیکن فخر زمان اس کا انتظام کرنے میں ناکام ہوئے۔
بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے تحمل کے ساتھ بیٹنگ جاری رکھی لیکن آٹھویں اوور میں محمد نواز کی گیند پر ایک بلند شاٹ کھیلنے کی کوشش میں افتخار احمد کا کیچ بنے۔ویرات کوہلی نے 34 گیندوں کا سامنا کیا اور 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کا کیچ افتخار احمد نے لیا۔نسیم شاہ نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کو وکٹ دلائی اور وکٹ پر جم کر کھیلنے والے سوریہ کمار یادیو کو آؤٹ کیا، جنہوں نے 18 رنز بنائے تھے۔