کابل : افغانستان کے وزیر دفاع مولوی محمد یعقوب مجاہد نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکی ڈرونز پاکستان کے راستے افغانستان میں داخل ہو رہے ہیں اور اس طرح حملوں کے لیے پاکستان کی فضائی حدود استعمال ہو رہی ہے۔
کابل میں اپنے چیف آف آرمی سٹاف قاری فصیح الدین فطرت اور وزارت دفاع کے ترجمان مولوی عنایت اللہ خوارزمی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طالبان حکومت کے وزیر دفاع نے کہا کہ ہم پاکستان سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ اپنی فضا ہمارے خلاف استعمال نہ ہونے دے۔
مولوی محمد یعقوب نے اپنے الزام کے حق میں کوئی ٹھوس شواہد پیش نہیں کیے ہیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے انخلا کے وقت ہمارے ریڈار سسٹم کو بھی تباہ کر دیا مگر اس کے باوجود ایسی اطلاعات ہیں کہ امریکا پاکستان کی فضائی حدود استعمال کر رہا ہے۔