لاہور: مون سون کی بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی ، بڑے پیمانے پر انسانی جانیں ضائع ہو گئیں ، مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار تیتیس ہو گئی ۔
مون سون کی بارشوں کا زور تو ٹوٹ گیا لیکن سیلاب سے اموات مسلسل بڑھ رہی ہیں ، نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق 14 جون سے اب تک سیلاب اور بارشوں سے ایک ہزار تیتیس افراد جاں بحق ہو چکے ہیں ۔
سب سے زیادہ 136 اموات سندھ میں ہوئیں ، بلوچستان میں 112 افراد لقمہ اجل بن گئے ۔ خیبر پختون خوا میں 92 افراد سیلاب کی نذر ہو گئے ، پنجاب میں 87 افراد جان کی بازی ہار گئے ، آزاد جموں کشمیر میں 25 اور گلگت بلتستان میں تین افراد جاں بحق ہوئے ۔
مرنے والوں میں بڑی تعداد بچوں کی ہے ، این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق 348 بچے سیلاب میں ڈوب گئے ۔ سب سے زیادہ 100 سے زیادہ بچوں کی اموات سندھ میں ہوئیں ، خیبر پختون خوا کے 98 بچے جاں بحق ہوئے ۔ بلوچستان کے 71 معصوم بچے سیلاب اپنے ساتھ بہا کر لے گیا ۔
سیلاب میں مرنے والوں میں خواتین کی تعداد 207 رہی ، سب سے زیادہ 55 بلوچی خواتین چھتیں گرنے اور سیلاب سے جاں بحق ہوئیں جبکہ سندھ کی 52 خواتین موت کے منہ میں چلی گئیں ۔