اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین احسان مانی کو ان کی 3 سالہ کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ احسان مانی نے بطور پی سی بی چیئرمین کرکٹ کے حوالے سے اہم کردار ادا کیا جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ سٹرکچر کے قیام کیلئے ان کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔
وزیراعظم نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس لانے پر بھی احسان مانی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ ریجنل ڈومیسٹک کرکٹ کا ڈھانچہ کھڑا کرنے اور عالمی کرکٹ کی پاکستان واپسی میں بھرپور کردار ادا کرنے پر میں ان کا بطور خاص ممنون ہوں۔‘
بطور چیئرمین پی سی بی اپنے 3 سالہ دور میں پاکستانی کرکٹ کیلئے خدمات سرانجام دینے پر میں احسان مانی کا شکرگزار ہوں۔ پاکستان میں پہلی مرتبہ ریجنل ڈومیسٹک کرکٹ کا ڈھانچہ کھڑا کرنے اور عالمی کرکٹ کی پاکستان واپسی میں بھرپور کردار کرنے پر میں ان کا بطورِ خاص ممنون ہوں۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) August 28, 2021
واضح رہے کہ سابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی بطور چیئرمین مدت 24 اگست کو ختم ہوئی ہے اور وزیراعظم عمران خان نے ان کی مدت ملازمت میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور قومی ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ کی بطور چیئرمین پی سی بی تعیناتی کی منظوری دی ہے۔
وزیراعظم آفس نے رمیز راجہ کو فون کر کے چیئرمین پی سی بی بنائے جانے کی اطلاع دی جبکہ سابق ٹیسٹ کرکٹر رمیز راجہ کا چیئرمین پی سی بی تقرر کئے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی بننا میرے لئے بہت اعزاز کی بات ہے، وزیراعظم کے اعتماد پر شکرگزار ہوں اور عوام سے دعاﺅں کی درخواست کرتا ہوں۔