بیرون ملک جانے کے خواہشمند افراد کو بوسٹر ڈوز لگانے کی اجازت مل گئی، فیس مقرر 

11:17 AM, 28 Aug, 2021

اسلام آباد: حکومت نے بیرون ملک جانے والے افراد کو عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کی بوسٹر ڈوز لگانے کی اجازت دے دی ہے جس کی فیس 1270 روپے مقرر کی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے بیرون ملک جانے والوں کو بوسٹر ڈوز لگانے کی اجازت دیدی ہے جو صرف منتخب کردہ کورونا وائرس ویکسین سینٹر میں لگائی جائے گی اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ 
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی بوسٹر ڈوز لگوانے کے خواہش مند افراد کو 1270 روپے فیس کی مد میں ادا کرنا ہوں گے۔ یہ فیس سرکاری بینک کی کسی بھی برانچ میں جمع کرائی جا سکتی ہے۔ 
دوسری جانب پاکستان میں عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کی چوتھی لہر کے وار جاری ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 120 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ 4 ہزار 191 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ 
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 61 ہزار 306 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 4191 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے مزید 120 افراد انتقال کر گئے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 6.83 فیصد رہی جبکہ ملک بھر میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 25 ہزار 535 ہو گئی اور مجموعی کیسز 11 لاکھ 48 ہزار 532 تک جاپہنچے ہیں۔

مزیدخبریں