لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی سماعت کے دوران مقدے سے دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے سے متعلق درخواست پر دلائل سننے کے بعد سماعت 17 ستمبر تک ملتوی کر دی ہے ۔
نیو نیوز کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی سماعت ہوئی جس دوران ملزموں کی جانب سے مقدمے سے انسداددہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کی درخواست بحال کرنے کی استدعا کی گئی۔ عدالت نے گزشتہ سماعت پر درخواست گزار کے وکیل کی عدم پیشی پر دائر درخواست خارج کی تھی۔
انسداددہشت گردی عدالت کے جج کی جانب سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی سماعت کے دوران درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد انسداد دہشت گردی کی دفعات عائد نہیں ہوئیں اور پولیس اپنے فرائض کی ادائیگی کیلئے ماڈل ٹاؤن پہنچی تھی۔
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ماڈل ٹاؤن میں کسی قسم کی کوئی دہشت گردی نہیں ہوئی اس لئے عدالت انسداد دہشت گردی کی دفعات ختم کر کے کیس کو سیشن عدالت منتقل کرنے کا حکم دے، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 17 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی مزید سماعت 17 ستمبر تک ملتوی
10:53 AM, 28 Aug, 2021