ساؤتھمپٹن: پاکستان ٹی 20 انٹرنیشنل ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے انگلینڈ کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں مختصر ترین فارمیٹ میں اپنی پہلی سنچری سکور کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیریز سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ٹی 20 کپتان نے ٹیسٹ سیریز میں زیادہ سکور نہ کرنے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ”میں ہمیشہ اچھی طرح سے کھیلنے کی کوشش کرتا ہوں، ٹی 20 میں سنچری بنانا میرے ایک مقاصد میں سے ایک ہے اور سچ کہوں تو میرا مقصد اس سیریز میں سنچری سکور کرنا ہے۔
ٹیسٹ سیریز میں اپنی شروعات کو بڑے سکورز میں تبدیل نہ کرنے پر مایوس ہوں لیکن میں ان غلطیوں سے سیکھوں گا، میں نے آئندہ سیریز میں بہتر ہونے کیلئے ان کا تجزیہ کیا ہے۔بابراعظم نے شاداب خان اور حیدر علی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کہ بیٹنگ آرڈر کو فروغ دینے کیلئے ان کا انتخاب کیا جا سکتا ہے جبکہ پہلی پوزیشن پر بلے بازی کیلئے حیدر علی کو منتخب کرنے پر غور ضرور کریں گے۔
ان کا کہنا تھا شاداب نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں بلے بازی کے ساتھ زبردست فارم دکھائی، ہم میچ کی صورتحال کے مطابق آرڈر کو بروئے کار لانے کی کوشش کریں گے۔ حیدر علی ایک عمدہ اور بہترین کھلاڑی ہے، ہم نے اسے اس گروپ میں شامل کرنے کی کوشش کی ہے، وہ نیٹ میں اچھا کھیل رہا ہے اور پریکٹس میچوں میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔
بابراعظم نے وکٹ کیپنگ سے متعلق سوال پر واضح جواب نہ دیا کیونکہ سابق کپتان اور محمد رضوان دونوں ہی اس کے امیدوار ہیں۔ ٹی 20 ٹیم کے کپتان نے اس حوالے سے کہا ”محمد رضوان اور سرفراز احمد دونوں باصلاحیت وکٹ کیپر بیٹسمین ہیں، رضوان زبردست فارم میں ہیں جبکہ سرفراز احمد کے پاس بہت زیادہ تجربہ ہے، ان دونوں کے درمیان انتخاب کرنا انتظامیہ کیلئے مشکل فیصلہ ہو گا لیکن جو بھی بہتر ہو گا، وہ کھیلے گا۔“