آرٹیکل 370 ختم کرنے سے متعلق کیس کی سماعت بینچ اکتوبر میں کرے گا، بھارتی سپریم کورٹ

 آرٹیکل 370 ختم کرنے سے متعلق کیس کی سماعت بینچ اکتوبر میں کرے گا، بھارتی سپریم کورٹ
کیپشن: آرٹیکل 370 ختم کرنے سے متعلق 14 درخواستوں کی سماعت بھارتی سپریم کورٹ میں ہوئی۔۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ انڈین میڈیا

نیو دہلی: بھارتی سپریم کورٹ نے مقبوضہ کشمیر میں میڈیا پر پابندیوں سے متعلق مودی سرکار سے جواب طلب کر لیا۔ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آرٹیکل 370 ختم کرنے سے متعلق 14 درخواستوں کی سماعت بھارتی سپریم کورٹ میں ہوئی۔

سپریم کورٹ کی جانب سے بھارت کی ہندو انتہا پسند حکومت کو 2 نوٹسز جاری کئے گئے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ آرٹیکل 370 ختم کرنے سے متعلق کیس کی سماعت 5 رکنی بینچ اکتوبر میں کرے گا۔

اس کے علاوہ سپریم کورٹ میں بھارت سرکار کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں میڈیا پر پابندیوں سے متعلق کیس کی سماعت بھی ہوئی۔ درخواست گزار ارونادا بھاسن کی جانب سے کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کو 24 روز ہو گئے ہیں اور وادی میں صحافیوں پر پابندیاں عائد ہیں۔

چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس رانجن گوگوئی نے کہا کہ ہم حکومت کو نوٹس جاری کر رہے ہیں اور حکومت اس معاملے پر 7 روز میں جواب دے۔

سپریم کورٹ نے مودی سرکار کی جانب سے کشمیر کے معاملے پر اندرونی ثالث مقرر کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔ چیف جسٹس رانجن گوگوئی نے اس حوالے سے ریمارکس دیئے کہ ہم اس درخواست کو نہیں سن رہے۔