اداکاری چھوڑنے کا فیصلہ میرا ذاتی ہے، نیمل خاور

10:09 AM, 28 Aug, 2019

لاہور: اداکار حمزہ علی عباسی کی اہلیہ نیمل خاور خان نے شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا۔حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور خان کی شادی 25 اگست کو اسلام آباد میں ہوئی تھی اور اس سے قبل اُن کی شادی کی خبروں کے ساتھ ہی یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ نیمل خاور خان شوبز انڈسٹری چھوڑ رہی ہیں لیکن نیمل خاور خان کی جانب سے اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی تھی۔

گزشتہ روز انہوں نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یہ اعلان کیا کہ وہ اب شوبز انڈسٹری چھوڑ رہی ہیں۔

نیمل خاور خان نے اپنے پہلے ٹوئٹ میں سب کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے لکھا کہ ’میں آپ سب کا شکریہ ادا کرتی ہوں کہ آپ سب نے میرے اور حمزہ کی زندگی کے نئے سفر کے آغاز کے لیے دُعائیں کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’میری شادی خیر خیریت سے ہو گئی ہے اب میں اپنے مداحوں سے ایک اعلان کرنا چاہتی ہوں۔‘

انہوں نے اپنے اگلے ٹوئٹ میں لکھا کہ’ میں اداکاری چھوڑ رہی ہوں اور اداکاری چھوڑنے کا فیصلہ میرا ذاتی ہے میں نے کسی کے دباؤ میں آکر یہ فیصلہ نہیں کیا۔ میں نے 9 ماہ قبل ہی اداکاری چھوڑ دی تھی‘۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ’برائے مہربانی غلط اور سنسنی خیز خبریں نہ پھیلائیں۔‘

مزیدخبریں