واشنگٹن: امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر اسد مجید نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی المیہ جنم لے رہا ہے اور عالمی برادی کو مسئلہ کشمیر پر سنجیدگی ظاہر کرنی چاہیے۔ پاکستان کی خود مختاری پر وار کیا گیا تو ٹھوس جواب دیا جائے گا۔
امریکا میں تعینات پاکستان کے سفیر اسد مجید نے واشنگٹن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا جنرل اسمبلی کے آئندہ ماہ ہونے والے اجلاس میں مسئلہ کشمیر کی سنگین نوعیت کو اجاگر کرنے کا بہترین موقع ہو گا۔ وزیراعظم اقوام متحدہ پر زور دیں گے کہ مسئلہ کشمیر پر توجہ مرکوز کی جائے۔ انہوں نے کہا عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر سنجیدگی سے لینا چاہیے، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال امن اور سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
سفیر اسد مجید نے کہا بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں اقدامات کر کے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی بھی کی ہے۔ انہوں نے کہا اوور سیز پاکستانی امریکی ایوانوں میں مسئلہ کشمیر پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں جبکہ پاکستانی اور کشمیریوں نے مسئلہ کشمیر پر بھارت کے خلاف دنیا بھر میں آواز اٹھائی ہے۔