سپیکر پنجاب اسمبلی اپوزیشن لیڈر کی تقرری کیلئے تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں ،رہنما ن لیگ

سپیکر پنجاب اسمبلی اپوزیشن لیڈر کی تقرری کیلئے تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں ،رہنما ن لیگ

لاہور :مسلم لیگ ن کے رہنماؤں و ارکان صوبائی اسمبلی خواجہ عمران نذیر ، میاں مرغوب اور خواجہ سلمان رفیق نے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست مزاری سے ملاقات کی اور احتجاج کیا کہ میاں حمزہ شہباز شریف کا بطور اپوزیشن لیڈر تقرری کا نوٹیفکیشن کیوں نہیں کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق،  مسلم لیگ ن کی جانب سے خواجہ عمران نذیر اور رمضان صدیق بھٹی نے میاں حمزہ شہباز شریف کو اپوزیشن لیڈر مقرر کرنے کیلئے درخواست اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروائی تھی اور انہیں یقین دہانی کروائی گئی تھی کہ کیونکہ حمزہ شہباز کے مد مقابل کوئی امیدوار نہیں ہے اس لئے ان کی بطور اپوزیشن لیڈر تقرری کا نوٹیفکیشن اسی روز جاری کر دیا جائے گا تا ہم بعد ازاں درخواست کی جانچ پڑتال کے بعد اعتراض لگایا گیا کہ سات ارکان اسمبلی کے دستخط ان کے حلف نامہ پر کئے گئے ۔

 میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ سپیکر پنجاب اسمبلی جسے ہم سپیکر تسلیم نہیں کرتے لیکن انہیں سپیکر کہنا پڑتا ہے تو دانستہ تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں ۔ مسلم لیگ ن نے 150 ارکان کے دستخطوں کے ساتھ درخواست دی تھی ۔ اگر سات ارکان کے دستخط میچ نہیں کرتے تویہ کوئی بڑی بات نہیں ہے ۔ ایسا تو بنکوں میں بھی ہو جاتا ہے ۔ ان سات ارکان کو الگ کر کے ہی نوٹیفکیشن جاری کیا جا سکتا تھا۔ کیونکہ حمزہ شہباز کے مد مقابل کوئی امیدوار ہی نہیں ہے اور دوسری پارٹی کے پنجاب اسمبلی میں ٹوٹل سات ارکان ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سپیکر نے اگر ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش کی تو ایسا نہیں ہو گا ۔ خود انہیں دیوار سے لگا دیں گے ۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ اگر سپیکر پنجاب اسمبلی ایوان کے اندر اور ایوان کے باہر دوسرا بیان دیں گے تو ایوان نہیں چلے گا۔ انہو ں ںے کہا کہ ایک ہفتے میں ہی عوام نے نئے پاکستان کے رنگ دیکھ لئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خاتون اول کےسابق  شوہر  کو سیلوٹ نہ مارنے پر ڈی پی او کو رات ایک بجے تبدیل کر دیا گیاجبکہ عمران خان ہیلی کاپٹر کو رکشے کی طرح استعمال کر رہے ہیں اور جھوٹ کے ماسٹر فواد چوہدری کہتے ہیں کہ ہیلی کاپٹر پر فی کلو میٹر 55 روپے میں طے ہو جاتا ہے ۔ اگر ایسا ہے تو یہ ہیلی کاپٹر ہمیں بھی فراہم کر دیئے جائیں تا کہ ہم بھی سستا سفر کر سکیں ۔ 

انہوں نے کہا کہ ریلوے میں گزشتہ پانچ سال محنت اور لگن سے کام کرنے والے افسر کو محض اس لئے فارغ کر دیا گیا کہ اس نے وفاقی وزیر ریلوے کی نازیبا زبان پر اعتراض کیا۔حکمرانوں کی سادگی کا یہ عالم ہے کہ گھر میں بجلی سے محروم وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار اپنی فیملی کو تین بار سرکاری ہیلی کاپٹر پر سیر کروا چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ڈی پی او پاکپتن رضوان گوندل کی تبدیلی پر بھی وزیر اعلی پنجاب ابھی تک خاموش ہیں ، قوم کو بتایا جائے کہ اسے تبدیل کیوں کیا گیا۔