راولپنڈی : پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ27 اور 28 اپریل کی درمیانی شب لکی مروت کے تین مختلف مقامات پر دہشتگروں کی جانب سے حملوں کو ناکام بنایا گیا جس کے دوران سات دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں دہشت گرد کمانڈر موسیٰ خان بھی شامل تھے جبکہ ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان حملوں کے دوران دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے تین فوجی اہلکار بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ مرنے والے فوجی اہلکاروں میں صوبیدار تاج میر، حوالدار ذاکر احمد اور سپاہی عابد حسین شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔