اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ قومی مفاد میں چپ ہوں اگر جنرل باجوہ کا کشمیر کے حوالے سے منصوبہ بتا دیا تو انٹرنیشنل خبر بن جائے گی اور ملک کا نقصان ہو گا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے جنرل (ر) باجوہ اور کشمیر سے متعلق سینئر صحافی حامد میر کے بیان پر عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے اس سے بھی زیادہ چیزیں پتہ ہیں مگر یہ نیشنل سکیورٹی کا مسئلہ ہے،میں نہیں چاہتا کہ کوئی انٹرنیشنل خبر بن جائے اور ملک کا نقصان ہو۔
خیال رہے سینئر صحافی حامد میر نے دعویٰ کیا تھا کہ جنرل باجوہ نے کشمیر کا سودا کردیا ہے۔ سابق آرمی چیف نے دنیا کو بتادیا کہ پاک فوج لڑنے کے قابل نہیں ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے حامد میر نے کہا کہ جب بھارت کے ساتھ سیز فائر ہوا تو اس کے بعد مودی نے پاکستان کا دورہ کرنا تھا دفتر خارجہ کو بھی اعتماد میں نہیں لیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ جنرل باجوہ اور جنرل فیض بالا ہی بالا کام کر رہے ہیں۔ عمران خان کو بھی بس اطلاع دی گئی تھی کہ مودی آئندہ سال پاکستان کا دورہ کریں گے۔ جب شاہ محمود قریشی کو پتا چلا تو انہوں نے عمران خان کو بتایا کہ ہمیں معلوم نہیں اور مودی پاکستان آ ر ہے ہیں۔