پشاور: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہےکہ جانتا ہوں باپ کا باپ کون ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو کہتا ہوں کہ اگر انہیں حکومت میں لانا ہے تو پھر جیلوں کے دروازے بھی کھول دیے جائیں۔ آئی ایم ایف اور ورلڈ کپ کے خلاف احتجاج کریں گے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم سے بھی سیاسی غلطیاں ہوئی ہیں۔مسائل کا فوری حل انتخابات ہیں ۔کوئی مائی کا لعل تحریک انصاف پر بین نہیں لگا سکتا ۔ملک میں شہباز شریف کی حکومت کو تسلیم کرنے کیلئے کوئی بھی تیار نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی کال پر اس ملک میں انقلاب آ سکتا ہے۔قوم کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ الیکشن کرائے جائیں۔ عوامی مسلم لیگ عمران خان کی کال پر لانگ مارچ میں شریک ہو گی۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ساری دنیا کو مقصود چپڑاسی یاد کرا دیا ہے۔ قوم گینگ آف فائیو سے اکتا چکی ہے ان کے چہرے دیکھنےکوتیار نہیں۔ قوم نے نوازشریف خاندان کے ریجیکٹڈ ہونےپرمہر لگا دی ہے۔ نوازشریف کو پاسپورٹ مل چکا ہے،وہ آئےاور اڈیالہ جیل میں چکرلگائے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کیخلاف لوگ سڑکوں پر نکلیں گے۔ ہم کہتے ہیں یہ امپورٹڈ حکومت ہے۔یہ پہلے ہمیں کہتے تھے یہ سلیکٹڈ حکومت ہے۔ بڑی عید کے قریب الیکشن کرائے جائیں۔ مطالبہ ہے 31مئی سےپہلےالیکشن کی تاریخ دی جائے۔
شیخ رشید نے کہا کہ پہلے بھی کہا تھا (م) میں سے (ش) نکل رہی ہے ۔ باپ وزیراعظم اور بیٹا وزیراعلیٰ بننے چلا ہے۔ یہ لوگ سعودی عرب گئے ہیں وہاں ان سے جو سلوک ہوگا وہ سب دیکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ قمرجاویدباجوہ سے اپیل ہے طاقت کے زور پر ساری جیلوں کوکھول دیا جائے۔ جس نےٹیلیفون چوری کیا ہےاسےبھی آزاد کردیں۔ ایسے لوگ جن پر فردجرم لگ رہی ہو وہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بن گئے ہیں۔ آدھی وزارت اور آدھےوزیرعادی مجرم ہیں۔ دنیا میں ایک ہی سوال ہے انہیں کس نے اکٹھا کیا ہے۔