اسلام آباد: قومی احتساب بیورو نے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرحت شہزادی عرف فرح خان کیخلاف انکوائری کی منظوری دیدی ۔ ڈی جی نیب لاہور معلوم ذرائع سے زائد اورغیر قانونی ا ثاثوں سے متعلق انکوائری کریں گے۔
نیب کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق فرحت شہزادی عرف فرح خان کیخلاف معلوم ذرائع سے زائد اور غیر قانونی اثاثہ جات ،منی لانڈرنگ اور مختلف کاروبار کے نام پر بہت سے اکائونٹس رکھنے کے الزام میں انکوائری شروع کی جا رہی ہے۔
ڈی جی نیب لاہور قانون کے مطابق معاملے کی تحقیقات کریں گے ۔اعلامیہ کے مطابق فرح خان کے اکاونٹس سے گزشتہ تین سال کے دوران 84 کروڑ 70 لاکھ روپے سے زائد کی مشکوک ٹرانزیکشنز ہوئی ہیں ۔ یہ رقومات انکے ذاتی اکائونٹس میں جمع کرائے جانے کےفوری بعد نکلوا لی گئیں ۔
نیب کے مطابق بہت سی میڈیا رپورٹس میں ان پر آمدن سے زائد اثاثےبنانے کا الزام ہے ،انکم ٹیکس ریٹرنس کے جائزے سے بھی پتہ چلتا ہے کہ دوہزار اٹھار ہ کے بعد سے انکے اثاثوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ،اس عرصے میں انہوں نے کئی غیر ملکی دورے کئے ،فرح خان 9 مرتبہ امریکہ جبکہ 6 مرتبہ متحدہ امارات گئیں ۔