لاہور: پاکستانی کرکٹ شائقین کیلئے بڑی خوشخبری آگئی، پاکستان اگلے سال ہونے والےسینئرز کرکٹ ورلڈ کی میزبانی کرے گا، ایونٹ 23 ستمبر سے 8 اکتوبر تک کھیلا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کو اگلے سال ہونے والے 40 پلس سینئرز کرکٹ ورلڈ کپ کے افتتاحی ایڈیشن کی میزبانی مل گئی ، ایونٹ میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقہ، سری لنکا، کینیڈا، امریکا، زمبابوے، ویلز، نمیبیا اور یو اے ای کی ٹیمیں شامل ہونگی۔ 14 رجسٹرڈ ٹیموں میں سے 12 ٹیموں کا انتخاب کیا جائے گا۔
اس حوالے سے پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن نے بھی تصدیق کردی ہے، ایسوسی ایشن کے چیئرمین فواد اعجاز خان کا کہنا تھا کہ سینئرز ورلڈکپ کی میزبانی ملنا پاکستان کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے، میگا ایونٹ کو شایان شان انداز میں منعقد کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ سینئرز ورلڈکپ کے میچز کراچی کے 6 مختلف گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے اور ہر میچ کی ایک اننگز 45 اوورز پر مشتمل ہوگی جو ڈے اینڈ نائٹ میں کھیلے جائیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سیمی فائنل اور فائنل میچز براہ راست ٹیلی کاسٹ کیے جائیں گے جن میں 40 سال سے زائد عمر کے معروف سابق انٹرنشنل کرکٹرز ان ایکشن نظر آئیں گے۔