لاہور: چیئرمین ریلوے سید خالد علی رضا گردیزی نے ملک بھر میں ریلوے کی آٹھوں ڈویژنوں کے ڈیلی ویجز ملازمین کی ماہانہ تنخواہ 25 ہزار روپے مقرر کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے اعلان پر عملدرآمد کرتے ہوئے چیئرمین ریلوے سید خالد علی رضا گردیزی نے ملک بھر میں ریلوے کے ڈیلی ویجز ملازمین کی ماہانہ تنخواہ 25 ہزار روپے مقرر کردی ہے اور ان ملازمین کو آئندہ ماہ سے بڑھی ہوئی تنخواہ کے مطابق ہی ماہانہ اجرت ادا کی جائے گی۔
اس ضمن میں جاری کئے گئے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ چیئرمین ریلوے سید خالد علی رضا گردیزی نے لاہور، کراچی، راولپنڈی، سکھر، کوئٹہ، پشاور، مغلپورہ ڈویژن اور ملتان ڈویژن میں کام کرنے والے تمام شعبوں کے ڈیلی ویجز ملازمین کی ماہانہ اجرت 25 ہزار روپے مقرر کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے
اس سے قبل ریلوے کے مختلف شعبوں میں ڈیلی ویجز ملازمین 15 ہزار سے18 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ لے رہے تھے تاہم اب آئندہ ماہ سے تمام ڈیلی ویجز ملازمین کو 25 ہزار روپے بڑھی ہوئی تنخواہ کے مطابق ہی اجرت ملا کرے گی۔