الیکشن کمیشن کا سابق وزیراعظم عمران خان کے کمیشن مخالف بیانات کا نوٹس

11:44 AM, 28 Apr, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کے ساتھیوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی، الیکشن کمیشن آف پاکستان  نےکمیشن مخالف بیانات کا نوٹس لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے سابق وزیراعظم عمران خان کمیشن مخالف بیانات کا نوٹس لیتے ہوئے  پشاور ورکر کنونشن سے خطاب کا ریکارڈ پیمراسے مانگ لیا۔ جبکہ سندھ اسمبلی میں قائد حزب  اختلاف حلیم عادل شیخ،خرم شیر زمان اور سینیٹر اعجاز چوہدری کے بیان کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پشاور میں  پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر پر جانبداری کا الزام عائد کیا اور انہیں مسلم لیگ(ن) کا ایجنٹ قرار دیا تھا۔انہوں نے مزید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اپنی تمام ساکھ کھو چکے ہیں اور انہیں فوری طور پر استعفیٰ دینا چاہئے۔اس موقع پر پی ٹی آئی چیئرمین نے اپنے حامیوں پر بھی زور دیا  کہ وہ چیف الیکشن کمشنر کے خلاف آن لائن پٹیشن پر دستخط جمع کرنے کی مہم شروع کریں۔

سابق وزیراعظم نے مزید  کہا تھا کہ جب غیر ملکی فنڈنگ کیس کا نتیجہ سامنے آئے گا تو صرف ایک جماعت ہوگی جو قانونی فنڈنگ کے ساتھ سامنے آئے گی اور وہ پی ٹی آئی ہوگی۔

مزیدخبریں